ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل شمس الدین سرکل پر ٹریفک قوانین اور ہیلمٹ کو لے کر عوامی بیداری پروگرام؛ کئی لوگوں میں تقسیم کئے گئے فری ہیلمیٹ

بھٹکل شمس الدین سرکل پر ٹریفک قوانین اور ہیلمٹ کو لے کر عوامی بیداری پروگرام؛ کئی لوگوں میں تقسیم کئے گئے فری ہیلمیٹ

Sat, 17 Dec 2022 19:39:00    S.O. News Service

بھٹکل 17 ڈسمبر (ایس او نیوز)  ضلع اُترکنڑا میں سب سے زیادہ سڑک حادثات بھٹکل میں  پیش آرہے ہیں اور  ہیلمیٹ نہ پہننے کی وجہ سے  سب  سے زیادہ اموات درج کی جارہی ہیں،  حادثات میں لوگوں کے مرنے یا شدید زخمی ہونے کے بعداُن کے رشتہ دار عدالت میں   معاوضہ کے لئے چکر کاٹتے ہیں،  اور آج کل حادثات کے بعد متاثرہ لوگوں کے رشتہ داروں کی طرف سے   معاوضہ  حاصل کرنے کے معاملات  عدالت میں زیادہ آرہے ہیں۔ بھلے ہی متاثرین  معاوضہ حاصل کرلیں، لیکن جن لوگوں کی جانیں حادثات میں جاچکی ہیں، وہ واپس نہیں  آسکتی، اس لئے بہتر ہے کہ عوام اپنی حفاظت خود کریں اور بالخصوص دو پہیہ والی سواریاں  ہیلمیٹ پہن کر ہی چلائیں تو     اس  میں آپ  لوگوں کی ہی بھلائی ہے۔  ان باتوں کا اظہار  مین سیول جج ونود بالا نائک نے کیا۔ وہ یہاں بھٹکل شمس الدین سرکل پر  ٹریفک قوانین اور ہیلمیٹ  کو لے کر عوامی بیداری پروگرام میں خطاب کررہے تھے۔ قانون سیوا سمیتی، وکیل سنگھا اور بھٹکل پولس کے زیر اہتمام  منعقدہ اس بیداری پروگرام میں  انہوں نے عوام پر زور دیا کہ  وہ  ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں  اور بغیر ہیلمیٹ بائک نہ چلائیں۔

صبح قریب دس بجے منعقدہ اس عوام بیداری مہم میں  کئی ایک بغیر ہیلمیٹ  بائک چلانے والی  سواریوں کو روک کر اُنہیں گلاب کا پھول اور   فری ہیلمیٹ دی گئی اور اُنہیں آئندہ ہیلمیٹ پہن کر ہی گاڑی چلانے کی ہدایت دی گئی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بھٹکل ڈی وائی ایس پی بیلی ایپّا نے  نوجوانوں بالخصوص اسکول اور کالج جانے والے طلبہ پر زور دیا کہ وہ بغیر لائسنس گاڑی نہ چلائیں اور جن کے پاس لائسنس ہیں، وہ بغیر ہیلمیٹ گاڑی نہ چلائیں، انہوں نے کہا کہ ہم  ہیلمیٹ نہ پہننے پر لوگوں پر جرمانہ عائد کرتے ہیں، مگر عوام کو ہیلمیٹ پہننے  کے تعلق سے معلوم ہونا چاہئے کہ ہیلمیٹ پہن کر گاڑی چلانا کیوں ضروری ہے۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ آگے بغیر ہیلمیٹ گاڑی چلانے  والوں کے خلاف سختی برتی جائے گی ۔

بھٹکل عدالت کے سنئیر سیول جج  کانتا کوُرانی، ایڈیشنل سیول جج فواز،  بھٹکل ٹاون پولس تھانہ کے سرکل پولس انسپکٹر دیواکر، رورل تھانہ کے سرکل پولس انسپکٹر مہابلیشور نائک،  پی ایس آئی ہنومنت کُڈگُنٹی ، بھٹکل ایڈوکیٹ اسوسی ایشن کے صدر پانڈو نائک اور دیگر وُکلاء تنظیم کے کئی اراکین اوردیگر پولس اہلکاران موجود تھے۔

 


Share: